راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فارمیشن کو تمام سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 251 ویں کورکمانڈرز کانفرنس بدھ کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی ۔فورم کو بیرونی اور داخلی سلامتی کی صورتحال بالخصوص ملک بھر میں آرمی فارمشینز کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
بیان کے مطابق فورم نے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جو مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ، فورم نے متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کا عزم کیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مصیبت میں پھنسے لوگوں تک پہنچنے اور ان کی تکالیف کو کم کرنے کے لئے بھرپور مدد پر فارمیشنز کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات سمیت سیلاب متاثرین بالخصوص بچوں اور خواتین کو ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے پر آرمی ڈاکٹرز/پیرامیڈکس کی تعریف کی۔
سپہ سالار نے ہنگامی بنیادوں پر اہم راستوں اور مواصلاتی ڈھانچے تک رسائی بحال کرنے پر آرمی انجینئرز / ایف ڈبلیو او کے کردار کو بھی سراہا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنوں کو ہدایت کی کہ وہ ریلیف، بحالی، تعمیر نو پر توجہ دیں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی بحال کرنے میں مدد کریں۔
فورم نے سرحدوں کی صورتحال، داخلی سلامتی اور فوج کے دیگر پیشہ ورانہ امور پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے سلامتی کے ماحول کا ایک جامع جائزہ لیا۔فورم نے عزم کیا کہ دہشت گردی کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیں گے ۔
آرمی چیف نے پاک فوج کی فارمیشنز کو ہدایت کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں ۔ فارمیشنوں کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے تمام فارمیشنوں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے سخت چوکس رہیں۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا۔