لانگ مارچ ہوگیا تو حکومت کا دھڑن تختہ ہوجائے گا: پیر صدرالدین راشدی

Published On 11 October,2022 08:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا مستقبل لانگ مارچ پر منحصر ہے، لانگ مارچ ہوگیا تو حکومت کا دھڑن تختہ ہوجائے گا۔

کراچی فنکشنل لیگ ہاؤس میں جی ڈی اے اجلاس کے بعد دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفر نس کرتے ہوئے پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ آڈیو لیکس کا معاملہ ریاست کے لئے بڑا سنجیدہ چیلنج ہے، قبل از وقت انتخابات کسی کی خواہش ضرور ہوسکتی ہے مگر زمینی حقائق کچھ اور ہیں، لانگ مارچ ہوا تو حکومت کا دھڑن تختہ ہوجائےگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ کا گورنر ایم کیوایم پاکستان کے ساتھ معاہدے کے تحت آیا ہے، آنے والے وقتوں میں جی ڈی اے سندھ میں متبادل کا کردار ادا کرے گی۔

اس موقع پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبد الرحیم نے کہا گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کو تنظیمی ڈھانچہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، سندھ بھر میں جی ڈی اے کی تنظیم سازی کی جائے گی، جی ڈی اے ہر سطح پر عوام کا تحفظ کرے گی۔

رہنما جی ڈی اے ڈاکٹر صفدر علی عباسی اور دیگر نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
 

Advertisement