فیصل آباد: (دنیا نیوز) معروف تاجر اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے قریبی ساتھی رانا شوکت دیگر فیملی ممبران سمیت تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ۔ عمران خان نے رانا شوکت کے گلے میں پارٹی پرچم پہنا کر تحریک انصاف میں ویلکم کیا ۔
این اے 108 کے الیکشن میں ن لیگ کو جھٹکا لگ گیا، فیصل آباد ستیانہ روڈ کے معروف تاجر اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے انتہائی قریبی ساتھی رانا شوکت علی فیملی ممبران اور دوستوں کے ہمراہ ن لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف کے کیمپ میں شامل ہوگئے۔
رانا شوکت نے سابق وزیرمملکت انفارمیشن فرخ حبیب، ایم این اے فیض اللہ کموکا، ایم این اے شیخ خرم شہزاد، ایم پی اے شکیل شاہد و دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ عمران خان سے ملاقات کرکے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ۔
فرخ حبیب نے رانا شوکت فیملی کی پارٹی میں شمولیت کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب فیصل آباد میں تحریک انصاف پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہوگی اور این اے 108 کا الیکشن عمران خان بھاری مارجن سے جیتیں گے۔
یاد رہے کہ رانا شوکت اس سے پہلے پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ ق کا حصہ بھی رہ چکے بعد ازاں ن لیگ میں رانا ثنا اللہ کے انتہائی قریبی ساتھی بنے۔ گزشتہ سال مریم نواز کے دھوبی گھاٹ جلسہ پر انہوں نے مریم نواز کو سونے کے تاج کا تحفہ بھی دیا تھا۔