اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی کامیابیوں کے معترف

Published On 12 October,2022 04:57 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جین پیئر لیکروکس نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی کامیابیوں کا اعتراف کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق یو این امن مشن کے انڈر سیکرٹری جین پیئر لیکروکس نے راولپنڈی کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپہ سالار نے اقوام متحدہ کی بنیادی اقدار کو فروغ دینے اور بحرانوں کے دوران ردعمل میں انڈر سیکرٹری کے دفتر کے کردار کو سراہا۔

اقوام متحدہ کے معززین نے یو این امن مشن میں پاکستان کی شراکت اور انسداد دہشت گردی میں غیر معمولی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔

اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بھی دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔
 

Advertisement