اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر التوا تمام ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں، سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کو ہمیشہ غیر مشروط حمایت اور مدد حاصل رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سعودی وفد کی قیادت سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے جنرل ڈائریکٹرایشیا ڈاکٹر سعود اے الشمری کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ ،معاونین خصوصی طارق فاطمی اور جہانزیب خان ، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی اور متعلقہ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات میں وزیراعظم نے سعودی عرب کے لئے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور جہانزیب خان پر مشتمل خصوصی ٹاسک فورس کو ہدایت کی کہ وہ سعودی وفد کے پاکستان میں قیام کے دوران ہی تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مسائل کا حل نکالے۔ وزیراعظم نے متعلقہ پاکستانی حکام کو ہدایت کی سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر التوا تمام ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔
شہباز شریف نے وفد کا خیرمقدم کیا اور اس امر کا اظہار کیا پاکستان سعودی عرب کے لوگوں کے لئے دوسرے گھر جیسا ہے اور پاکستانی بھی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ۔
وزیراعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت توانائی کے اس سستے اور صاف ذریعے کو فروغ دینے پر خاص توجہ دے رہی ہے تا کہ زرمبادلہ کی بچت ہو اور عوام کو سستی بجلی بھی فراہم کی جا سکے ۔ سعودی عرب نے ہمیشہ داخلی اور خارجی محاذ پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کو ہمیشہ غیر مشروط حمایت اور مدد حاصل رہی ہے۔ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لئے سعودی عرب نے پاکستان کی ہر طرح سے مدد کی ۔
انہوں نے اس سلسلے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا خاص طور سے شکریہ ادا کیاْ۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے گرانٹ اور قرضوں کی فراہمی اور سرمایہ کاری کی صورت میں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔