وزیراعظم شہبازشریف کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا

Published On 17 October,2022 12:05 pm

صحبت پور: (دنیا نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف کا بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے صحبت پور کا دورہ، سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں سیلاب سے بہت تباہی ہوئی، پانی کی سطح کم ہوئی ہے مگر ابھی بھی پورے علاقے میں پانی پھیلا ہوا ہے، کھڑے پانی کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بلوں کو گزشتہ 2 ماہ سے بند کرا دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کو دورہ خضدار کے موقع پر دوران بریفنگ آگاہ کیا گیا کہ سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کیلئے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں، متاثرین میں 70 ہزار مچھر دانیاں تقسیم کی جا چکی ہیں، وبائی امراض کو روکنے کیلئے اسپرے کیا گیا ہے، سیلاب سے متاثرہ 5 اضلاع میں امدادی کارروائیوں کیلئے مشینری کام کر رہی ہے، ماڈل سکول بھی جلد تعیمر کر دیا جائے گا، وزیراعظم کی ہدایت پر اگست اور سمتبر کے بجلی کے بل نہیں لئے گئے۔

قبل ازیں وزیراعظم دورہ بلوچستان کے موقع پر سیلاب متاثرہ علاقے جیکب آباد پہنچے، دوران پرواز سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران نے سیلاب متاثرین کی امداد سے متعلق بریفنگ دی۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف خضدار کے علاقے وڈھ میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار نواب اختر مینگل کی رہائش پر گئے اور ان کے چچا سردار زادہ مہر اللہ مینگل کی وفات پر تعزیت کی، اس موقع پروفاقی وزیر آغا حسن بلوچ، اعلیٰ سرکاری حکام اور عمائدین بھی موجود تھے۔
 

Advertisement