عالمی، علاقائی معاملات میں یو اے ای کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: آرمی چیف

Published On 20 October,2022 05:43 pm

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں امارات کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔

بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقوں نے دوستانہ تعلقات اور پائیدار تزویراتی شراکت داری کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

یو اے ای کے سفیر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کیساتھ ساتھ متاثرین کی جلد از جلد بحالی کی امید ظاہر کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب متاثرین کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ غیر معمولی مدد کو سراہا۔

معزز مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں امارات کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
 

Advertisement