شمالی وزیرستان: دہشتگردوں کی فوجی چوکی پر فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

Published On 23 October,2022 09:22 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی شمالی وزیرستان کے حسن خیل سیکٹر پر افغانستان کی حدود سے فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دہشتگردوں نے فوجی چوکی پر فائرنگ کی جس پر پاک فوج کے جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں اسسٹنٹ لانس حوالدار وقار علی شہید ہوگئے، شہید کا تعلق چھوٹا لاہور صوابی سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان بار بار افغانستان پر زور دیتا آیا ہے کہ موثر بارڈر منیجمنٹ کو یقینی بنائے، افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان آرمی دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

 ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، ایک دہشتگرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ‏ضلع خیبر کے علاقے شلوبر میں آپریشن کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ‏مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، مارا گیا دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں ‏میں ملوث تھا۔

Advertisement