پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے: آرمی چیف

Published On 25 October,2022 06:18 pm

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مجموعی علاقائی صورتحال، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق معزز مہمان نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دُکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔

انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے معزز مہمان کو سفیر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔
 

Advertisement