چوروں کے ٹولے کو گھر بھیج کر عوامی حکومت لائیں گے: عمران خان

Published On 01 November,2022 05:06 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا حقیقی آزادی مارچ گوجرانوالہ سے گزر رہا ہے اور ہم ایک انقلاب کی جانب گامزن ہیں، چوروں کے ٹولے کو گھر بھیج کر عوامی حکومت لائیں گے۔

گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا کہ ہم نے قانون وآئینی جنگ لڑنی ہے، ہمارا مقابلہ مجرموں سے ہے، چیف جسٹس صاحب اگرآپ اورعدلیہ لوگوں کے لیے کھڑے نہیں ہونگے توکون کھڑا ہوگا؟ کس بنیاد پرہمارے لانگ مارچ کی کوریج بند کی گئی ہے، ہم پاکستانی ہے کس چیزکا خوف ہے؟ یہ قوم جاگ چکی ہے، کوئی بھی اس شعورکوبوتل میں بند کرنے کی کوشش کرے گا وہ اس سمندرمیں بہہ جائے گا، انسانوں کا سمندراسلام آباد کی طرف آرہا ہے، ہم ملک میں حقیقی آزادی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ رانا ثنا جیسے قاتلوں سے ہے، شریف،زرداری مافیازکے سامنے قوم نہیں جھکے گی، جوبھی ان کے ساتھ کھڑا ہوا گا وہ ذلیل اورتباہ ہوگا، ہم دنیا کے سب سے عظیم لیڈرکی امت ہے کوئی بھیڑ،بکریاں نہیں، وہ دن چلے گئے، عوام ملک میں قانون اورانصاف کی بالادستی چاہتے ہیں، ڈنڈے مار کر اِدھر اور اُدھر کرنے والے دن چلے گئے۔ جس ملک میں ظلم کا نظام ہو وہاں خوشحالی نہیں آ سکتی، امپورٹڈ حکومت نے مہنگائی کے 50 سالہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، چھوٹا چور جیل، اربوں ڈالر ملک کے لوٹنے والے بیرون ملک لے گئے، نوازشریف نے لندن کے مہنگے علاقے میں چار فلیٹس تسلیم کیے، ہمارا انصاف کا نظام بڑے چوروں کو نہیں پکڑ سکتا، انہوں نے قانون ایسا بنادیا ہے بڑے چوروں کو نہیں پکڑسکتا۔

شرکاء کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران خان نے لکھا کہ ہمارا حقیقی آزادی مارچ گوجرانوالہ سے گزر رہا ہے اور ہم ایک انقلاب کی جانب گامزن ہیں۔ عوام کی شرکت سے شرکا کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، قوم حقیقی آزادی کی ہماری پکار کی حمایت کا ایک واضح پیغام دے رہی ہے۔

چوروں کے ٹولے کو گھر بھیج کر عوامی حکومت لائیں گے

گوندلانوالا چوک میں لانگ مارچ کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ میں نے سمجھا تھا لاہونے بڑا زبردست استقبال کیا، گوجرانوالہ والوں نے تو آج لاہور والوں کا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے، ماشااللہ گوجرانوالہ میں جنون اورشعوربھی دیکھ رہا ہوں، آپ ایک دن اپنے بچوں کو حقیقی آزادی کی کامیابی بارے بتائیں گے، پہلے قوم کوحقیقی طورپرآزاد اور پھرایک عظیم قوم بنائیں گے۔ ان کے سہولت کارہینڈلربند کمروں میں فیصلہ کرتے ہیں، پہلے چور پھر بند کمروں میں انہیں پاک کر دیتے ہیں، بند کمروں میں ان کو این آراودینے کا فیصلہ ہوجاتا ہے، ہم ان کوپیغام دے رہے ہیں ہم کوئی بھیڑ، بکریاں، گائے، بھینسیں نہیں، جب چاہے ڈنڈا مارکرادھرادھرکردوہم انسان ہیں۔ چوروں کے ٹولے کو گھر بھیج کر عوامی حکومت لائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پیارے نبی کی امت ہیں، اللہ نے حکم دیا ہے اچھائی کا ساتھ دینا ہے، برائی کا نہیں، چوروں کے خلاف جہاد کا اللہ کا حکم ہے، چوروں کوبیرونی سازش کے تحت ہم پرمسلط کیا گیا، اگرہم نے بھیڑ، بکریوں کی طرح انہیں قبول کرلیا تو پھر ہمارا کوئی مستقبل نہیں، چوروں کے خلاف کھڑا ہونا تمہارا فرض ہے، جو معاشرہ کرپشن کو بُرا نہ سمجھے وہ قوم تباہ ہو جاتی ہے، بڑے ڈاکواین آر او دینے والی قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، یہ وقت پھر واپس نہیں آئے گا، انقلاب میں سب شامل ہو جائیں، اسلام آباد میں سب کو پہنچنے کی کال دوں گا، اگر گاڑی نہیں تو موٹرسایئکل یا پھر سائیکل پر آجانا اگر سائیکل نہیں تو پیدل آجانا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تیرے سے وعدہ کرتے ہیں تیرے سوا کسی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، رانا ثنا جیسا مجرم قاتل، دوٹکے کا آدمی دھمکیاں دے رہا ہے، رانا ثنا تمہارا بھی وقت آگیا ہے، زیادہ دیر نہیں، رانا ثنا کے پیسینے چھوٹ رہے ہیں، اسلام آباد میں فورس اکٹھی کر کے کروڑوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں، شہباز شریف جتنا بزدل کوئی نہیں، اگر شہبازشریف سے کوئی بزدل ہے تو نواز شریف ہے، میری پیشگوئی سن لو قاتل رانا ثنا سن لو جس پولیس پرتم کروڑوں خرچ کررہے ہو وہ ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں گے، پولیس بھی چوروں کے خلاف ہے، گوجرانوالہ والوں بتاؤہاتھ اٹھا کراسلام آباد پہنچوگے؟ سب نے ہاتھ اٹھا کرحلف لینا ہے، گوجرانوالہ کے جنون ،جذبے کوکبھی نہیں بھولوں گا۔

نواز اور زرداری اسٹیبلشمنٹ کو ہمارے خلاف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں

گوجرنوالہ میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہوئے کہا کہ غلام قوم کیڑے مکوڑوں کی طرح ہوتی ہے ان کے حقوق نہیں ہوتے ، لوگوں کی عزت نہیں ہوتی، ظلم اور تشدد ہوتا ہے، غلام قوم کو بیرون ملک سے جھڑکی ملتی ہے کہ روس سے تیل نہیں لینا۔ایسی قوم کے حکمران فیصلہ کرنے سے پہلے امریکا سے این او سی لیتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ روس سے تیل لے سکتے ہیں یا نہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان بھی اس لیے الگ ہوا کیونکہ وہ لوگ بنیادی حقوق سے محروم تھے، اُس وقت کے سیاستدان نے پاکستان کی فوج کو مشرقی پاکستان کے خلاف کھڑا کردیا تھا اور نتیجتاً پاکستان ٹوٹ گیا تھا۔ آج پھر لندن میں بیٹھا ہوا شخص نواز شریف اور آصف زرداری دونوں مل کر کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کریں، یہ ملک کے خلاف سازش ہے۔

پی ٹی آئی چیئر مین نے چیف الیکشن کمشنر کو شریف خاندان کے گھر کا پالتو قراردیتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر میرے خلاف کیس کررہے ہیں، میں ان خلاف عدالت جاؤں گا اور 10 ارب کا ہرجانہ کروں گا۔ ان سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ ملک میں چوروں کو مسلط کیا جائے۔

عمران خان نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ملک میں واپس آئیں اور الیکشن لڑیں، میں ان کے حلقہ میں انہیں شکست دوں گا۔ لانگ مارچ سے فارغ ہوکر میں سندھ کا دورہ کروں گا کیونکہ سندھ کے لوگوں کو سب سے زیادہ آزادی کی ضرورت ہے۔ نواز شریف کے خلاف جب بھی کیس ہوا وہ سابق صدر پرویز مشرف سے این آر او لے کر ملک سے بھاگ گئے، اسی طرح اب ہم انتظار کررہے ہیں کہ نواز شریف کو طاقتور اسٹیبلشمنٹ سے این آر او ملے گا اور ملک میں ایک بار پھر واپس آجائیں گے جس طرح منی لانڈر اسحٰق ڈار واپس آئے۔ جب نواز شریف ملک واپس آئیں گے تو ہم ان کا استقبال کرکے سیدھا اڈیالہ جیل پہنچائیں گے۔ ملک میں انصاف کے لیے اور قانون کی بالادستی کے لیے جنگ لڑیں گے اور یہ نہیں ہوسکتا کہ ڈاکو لوگ ملک لوٹ لیں، پیسہ باہر لے جائیں اورانہیں این آر او مل جائے۔

عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی اور سینیٹر اعظم سواتی، پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کے گھر سے ایجنسی والوں نے کیمرے اتار لیے، اس کی تحقیقات کروائی جائیں۔

Advertisement