راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بے اختیار وزیراعظم 6 ماہ میں 5 بار فیصلہ لینے لندن جاتے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیلپ کے مطابق 88 فیصد بزنس کمیونٹی حکومتی پالیسی سےنالاں ہے، سیاسی عدم استحکام، سیاسی عذاب یا سیاسی انقلاب زیادہ دورنہیں، بے یقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ہاتھ نہیں پکڑا رہی، فاصلے اتنے بڑھ گئے ہیں کہ غلطی کی گنجائش نہیں، 30 نومبر تک آر یا پار ہو جائے گا، قوم کی بہتری بھلائی نہیں بلکہ اپنے کیس ختم کرانا مطلوب تھا، نیب کے دفتر میں کیس ختم کرانے کیلئے جھمگٹا لگا ہوا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ نیب قوانین میں ترمیم پر کوئی صاحب ضمیر خوش نہیں، قوم مہنگائی سے مر رہی ہے اور یہ ٹوپیاں بدل رہے ہیں، نااہل حکمران اہم تعیناتی کا فیصلہ بھی اپنے ملک میں کرنے کے اہل نہیں۔