پاکستان کی ترکیہ میں دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

Published On 13 November,2022 11:20 pm

اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، دفتر خارجہ سمیت دیگر نے ترکیہ کے شہر استنبول میں دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان استنبول میں ہونے والے گھناؤنے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ترکیہ کے برادر عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے، یقین ہے کہ پرعزم ترک عوام امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کو ناکام بنا دیں گے۔

صدر عارف علوی کی مذمت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے استنبول، ترکیہ کی استقلال اسٹریٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ د ہشت گردی تمام دُنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے، ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ دہشت گردی کے اِس واقعے کے خلاف کھڑے ہیں۔

انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت، ورثا کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

صدر مملکت نے زخمی افراد کی جلد صحتیاب ہونے کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اِس گھڑی میں ترکیہ کی عوام کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ استنبول، ترکیہ کی استقلال سٹریٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے، بچوں سمیت واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترکیہ کے عوام اور حکومت سے مکمل یک جہتی کا اظہار کرتا ہے، ہرطرح کی دہشت گردی قابل مذمت ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی استنبول میں دھماکے کی شدید مذمت

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے استنبول میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک مذمتی بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں ترکیہ کی حکومت ، عوام اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی شہید ہونے والوں کے درجات بلند کرے اور انکے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
 

Advertisement