لاہور: (لیاقت انصاری سے) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پولیس اوردیگر محکموں کیلئے 1200 ڈرون کیمرے خریدنے کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں چین کی ڈرون ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی Da-Jiang Innovations(DJI) کے وفدنے ملاقات کی۔
اس موقع پر پرویزالہی کاکہناتھاکہ ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے صوبے میں جدید پولیسنگ سسٹم کو فروغ دیں گے اور پٹرولنگ پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے میں سٹریٹ کرائم اوردیگر جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے میں ڈرون کیمرے ممدومعاون ثابت ہوں گے۔جدید ڈرون ٹیکنالوجی سے جلسے،جلسوں خصوصاً محرم الحرام اورمذہبی تہواروں کی موثر مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ2021 کے دوران مینار پاکستان میں خاتون کے ساتھ انتہائی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا،ڈرون کیمروں کے مدد سے پارکس اورتفریحی مقامات کی مانیٹرنگ سے ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہوگی اور پارکس اورتفریحی مقامات کی موثر نگرانی کی جاسکے گی اور کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ فوری رپورٹ ہوگا اورمتعلقہ محکمے بروقت رسپانس دے سکیں گے۔ نائٹ ویژن ڈرون کیمروں سے رات کو بھی امن وامان کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے سیلاب کی پیشگی معلومات کا حصول ممکن ہوگا۔دریاؤں میں پانی کے فلو کو 24گھنٹے مانیٹر کیا جاسکے گا۔سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے متعلقہ اداروں کو ریڈ الرٹ جاری کیاجائے گا۔امدادی سرگرمیوں خصوصاً ادویات اورکھانے پینے کی اشیاء کی متاثرین تک فراہمی میں بھی ڈرون ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جاسکے گا۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ آتشزدگی، زلزلے یا کسی اورقدرتی آفت کے دوران ڈرون ٹیکنالوجی سے متاثرہ علاقے میں بروقت امدادی سرگرمیاں شروع کرنے میں مدد ملے گی۔زرعی شعبہ ڈرون ٹیکنالوجی سے بے پناہ مستفید ہوسکے گا۔انہوں نے کہا کہ بڑے ڈرونز کے ذریعے فصلوں پرزرعی ادویات کاموثر انداز میں سپرے ممکن ہوگا۔ٹڈی دل اوردیگرحشرات کا وقت سے قبل خاتمہ کیا جاسکے گااور زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔فصلوں کی پیداوار کا درست تخمینہ لگانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سالٹ رینج میں کان کنی کے علاقے میں مائینگ سرگرمیوں کی سرویلنس ہوسکے گی اورآن گراؤنڈ کام کا درست اندازہ لگایا جاسکے گا۔شجرکاری کے دوران لگائے گئے درختوں کی اصل تعدادکا تخمینہ ڈرون ٹیکنالوجی سے لگایا جاسکے گا۔کسی بھی قدرتی آفت کے دوران زندگیاں بچانے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال بہت اہمیت رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ریسکیوکے حوالے سے ڈرون کیمروں کی مدد سے زندگیاں بچانے میں مدد ملے گی۔ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال اوراس پروگرام پر عملدر آمد کیلئے پنجاب میں علیحدہ ونگ بنایا جائے گا۔ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں عملے کو چینی کمپنی سے تربیت دلوائی جائے گی۔
چودھری پرویزالٰہی نے پولیس اورمتعلقہ محکموں کو ڈرون کیمرے لینے کیلئے حتمی سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے اپنی ضروریات کے مدنظر رکھ کر فائنل رپورٹ جلد پیش کریں۔ ڈرون ٹیکنالوجی کا حصول پنجاب کی تاریخ کا منفرد اورجدید ترین پروگرام ہے۔