وزیراعلیٰ پنجاب نے ایل ڈی اے کو مساجد سے سیوریج چارجز وصولی سے روک دیا

Published On 12 November,2022 12:37 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو مساجد سے سیوریج چارجز وصول کرنے سے روک دیا، نئے سکولوں کی تعمیر کیلئے قواعد وضوابط میں ضروری رد و بدل کی بھی منظوری دے دی گئی، اجلاس میں واسا کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ایل ڈی اے کو مساجد سے سیوریج چارجز وصول کرنے سے روک دیا گیا،نئےسکولوں کی تعمیر کیلئے قواعد و ضوابط میں ضروری رد و بدل کی بھی منظوری دی گئی، نئے سکولوں کے لئے ورٹیکل ہائیٹ 48 فٹ مقرر، سکول 30 فٹ سے کم روڈ پر نہیں بنائے جا سکیں گے۔

اجلاس میں واسا کے لئے لیگل ایڈوائزر،کنسلٹنٹ اور لاء فرم کے لئے قوانین میں ترمیم کی منظوری، ایل ڈی اے کے انجینئرز کا الاؤنس سے متعلقہ ایشو طے کرنے کی ہدایت دی گئی، ایل ڈی اے ٹیوب ویل آپریٹرز کے گریڈ کی اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دی گئی جس کے بعد گریڈ 2 سے گریڈ 7 میں کام کرنے والے ٹیوب ویل آپریٹرز کو 5 گریڈ سے 8 گریڈ ملے گا۔

ڈائریکٹر لیگل، ریکوری، ریونیو، فنانس اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن کی پروموشن کا طریقہ کار طے کرنے، ایل ڈی اے کے ڈاکٹرز کو پروفیشنل او رنان پریکٹسنگ الاؤنس دینے کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرائیویٹ رہائشی سکیموں سے نئی شرح سے سیوریج چارجز لئے جائیں گے، اپارٹمنٹس میں پارکنگ اور روف گارڈنگ لازمی قرار، ایل ڈی اے ایونیوون کے ترمیم شدہ لے آؤٹ پلان کی منظوری ہوئی، ایل ڈی اے سکیموں میں متنازع امور طے کرنے کیلئے سیٹلمنٹ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ واسا کو صحیح معنوں میں عوامی خدمت کا ادارہ بنائیں گے، شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے واسا کو روایتی انداز ترک کرکے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا، شہریوں کو سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، صاف پانی اور سیوریج سسٹم کی بہتری عوام کا بنیادی حق ہے، صاف پانی کی فراہمی او رسیوریج پائپ لائن کی تنصیب میں کوتاہی برداشت نہیں

صوبائی مشیر عامر سعید راں،ایم پی اے ملک مختار احمد، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے اراکین عامرریاض قریشی،طارق ثناء باجوہ، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈی جی ایل ڈی اے اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
 

Advertisement