باجوڑ: سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 2 جوان شہید

Published On 16 November,2022 06:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں امن دشمنوں کے خلاف لڑتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے دو جوان وطن پر قربان ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے ہلال خیل کے علاقے میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ یہ آپریشن 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب ہوا، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔ مارے گئے دہشت گرد سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، مرنے والے دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں سرگرم رہے ہیں۔

بیان کے مطابق امن دشمنوں کے خلاف لڑائی کے دوران دو جوان شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں 33 سالہ نائیک محمد اور 30 سالہ لانس نائیک امتیاز شامل ہیں، تاج محمد کا تعلق کوہاٹ اور امتیاز خان کا تعلق مالاکنڈ سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

لکی مروت میں دہشتگردوں کا حملہ، 6 پولیس اہلکار شہید

اس سے قبل خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والی پولیس موبائل تھانہ ڈاڈیوالہ میں گشت کر رہی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں پولیس موبائل کا ڈرائیور اور ڈیوٹی انچارج بھی شامل ہیں، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے شہید ہونے والوں کی درجات کی بلندی اور غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، ملک کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’دھرتی کے عظیم سپوتوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے مادر وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا‘۔

شہباز شریف نے حکومت خیبرپختونخوا پر زور دیا کہ وہ شہید پولیس اہلکاروں کے لیے فوری طور پر شہدا پیکج کا اعلان کرے۔

ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی لکی مروت میں پولیس وین پر دہشت گرد حملے کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

Advertisement