لاہور: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفنس فورس کے سربراہ جنرل روڈزانی مافوانیا نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے دلچسپی کے مختلف شعبوں، دوطرفہ تعاون سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی ماحول پر تبادلہ خیال کیا۔
معززین نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی مصروفیات کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور گہرے تعلقات کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ فوجی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔
قبل ازیں، جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر تینوں افواج کے ایک چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔