کارکنوں کو ڈرانے کیلئے روزانہ ایک پریس کانفرنس کی جاتی تھی: شاہ محمود

Published On 26 November,2022 07:13 pm

راولپنڈی: ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارے کارکنوں کو ڈرانے کے لیے روزانہ ایک پریس کانفرنس کی جاتی تھی، پریس کانفرنس میں کہا جاتا تھا بڑا خطرہ ہے۔

راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پنڈی والوں تھک تو نہیں گئے، ابھی تو خان نے آنا ہے پیغام لیکر آنا ہے، سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، آج اللہ نے اس منصوبے کو ناکام کردیا جس کی وزیر آباد میں کی تھی، عمران خان اس تاریخی اجتماع سے خطاب کریں گے، قافلے ابھی راستوں میں ہیں اور پنڈی، مری روڈ بھر چکے ہیں، یہ ہے کشش اس سچے لیڈر کی جس نے سب کچھ نئے پاکستان پر داؤ پر لگا دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مری روڈ پر چالیس سالہ سیاسی زندگی میں ایسا نظارہ نہیں دیکھا، انشا اللہ پر امید ہوں اس کا ثمر آنے والی نسلوں کو ملے گا، باشعور شہریوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکر گزار ہوں، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کا بھی شکر گزار ہوں، ایک جلسہ سٹیج، ایک نیچے، دوسرا جلسہ گاہ کے باہر ہے، ہمارے کارکنوں کو ڈرانے کے لیے روزانہ ایک پریس کانفرنس کی جاتی تھی، پریس کانفرنس میں کہا جاتا تھا بڑا خطرہ ہے، سلام ہے بچوں، بہنوں، بیٹیوں کی جرات کو، رانا ثنا اللہ دیکھ لو کیا یہ لوگ تمہیں ڈرے ہوئے لگ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنا دھمکیاں دیتے جاؤ ہمارے حوصلے بڑھتے جائیں گے، وزیر آباد میں جو کچھ ہوا خیال تھا یہ قافلہ ٹوٹ جائے گا، میری نگاہ دیکھ رہی ہے حد نگاہ تک لوگ ہی لوگ ہیں، سب سے قیمتی چیز انسان کی جان ہے، عمران جان ہتھیلی پر رکھ کر وزیر آباد اور آج راولپنڈی پہنچا، عمران خان کی منزل اقتدار نہیں حقیقی آزادی ہے، عمران خان کو قوم پر اعتماد ہے مایوس نہیں کرے گی، عمران خان نے 26 سال پہلے سفر شروع کیا تھا آج اس میں نیا موڑ آچکا ہے، قوم اور عمران خان کو بھی آج بڑا فیصلہ کرنا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں اس کرپٹ نظام سے آزادی چاہیے، کیا آپ لوگوں کو ناانصافی والا کرپٹ نظام قبول ہے؟ کہتے ہیں معیشت ڈوبتی ہے تو ڈوب جائے اقتدار نہ جائے، ان کا خیال ہے کہ یہ کرسی سے چمٹے رہیں گے، نواز شریف، شہباز شریف، زرداری کا خیال ہے کہ الیکشن میں تاخیر ہوئی تو عمران مقبول نہیں رہے گا، آج فیصلہ کن وقت ہے، آج عمران خان اور قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا، لاہور لبرٹی سے پنڈی تک قوم تیار ہے، کیا پاکستانیوں تم اس نظام کومسترد کرنے کے لیے تیارہو، کیا حقیقی آزادی کے لیے تیار ہو، نئے پاکستان کی بنیاد رکھنے کے لیے تیار ہو۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کبھی کہتے ہیں عمران کو ڈس کوالیفائی کردیں گے، جب تک قوم کا بچہ، بچہ عمران کے ساتھ ہے تمہارے عزائم خاک میں مل جائیں گے، عمران خان کے حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں، قابل فخر ہے وہ ماں جس نے اس بیٹے کوجنم دیا، قابل فخر ہے وہ بیٹا جو بک نہیں رہا نا جھک رہا ہے۔
 

Advertisement