عام انتخابات سے قبل عمران خان گرفتار اور نااہل ہوسکتے ہیں: آصف زرداری

Published On 01 December,2022 09:18 pm

لاہور: ( دنیا نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قبل از وقت الیکشن ملک اور جمہوریت کے لئے سازگار نہیں، پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی ممکن ہے، عام انتخابات سے قبل عمران خان گرفتار اور نااہل ہوسکتے ہیں، پرویز الہیٰ سے اب دوریاں بڑھ گئی ہیں، اگر اسمبلیاں توڑی گئیں تو الیکشن میں مقابلہ کریں گے، آرمی چیف کا تقرر میرٹ پر ہوا ہے، لیفٹیننٹ جنرل عامر کو میں آگے لانا چاہتا تھا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ میں نے کوئی بندہ نہیں خریدا، الیکشن اپنے وقت پر ہونے چاہئیں، ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، ہمیں اسٹیبلشمنٹ کے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کے فیصلے کو سراہنا چاہیے۔

سابق صدر نے مزید کہا کہ معیشت کو بہتر ہونے میں وقت لگتا ہے، پرویز الہیٰ سے اب دوریاں بڑھ گئی ہیں، اگر اسمبلیاں توڑی گئیں تو الیکشن میں مقابلہ کریں گے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ صدر کے مواخذے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، صدر کے پاس اختیار کوئی نہیں ہے، کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان کے لیے خطرہ ہے، موجودہ آرمی چیف کو ذاتی طور پر نہیں جانتا، ذاتی طور پر صرف لیفٹیننٹ جنرل عامر کو جانتا تھا، سابق جنرل باجوہ نے مجھ سے کبھی ایکسٹینشن کا نہیں کہا، لیفٹیننٹ جنرل عامر کو میں آگے لانا چاہتا تھا، اگر لیفٹیننٹ جنرل عامر دوسرے نمبر پر سینئر ہوتے تو کچھ سوچتا، آرمی چیف کا تقرر میرٹ پر ہوا ہے۔
 

Advertisement