راولپنڈی : (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے سینٹکام کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے ملاقات کی ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کمانڈر امریکی سینٹ کام جنرل ایرک کوریلا کا جی ایچ کیو پہنچنے پر استقبال کیا، کمانڈر امریکی سینٹ کام نے یادگار شہدا پر پھول بھی رکھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی استحکام ، سکیورٹی صورتحال، دفاع ، اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون پر غور کیا گیا ، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کےدرمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ، سینٹکام کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سینٹکام کمانڈر نے سیلاب میں امدادی سرگرمیوں اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد آج طورخم بارڈر کا دورہ بھی کرے گا، وفد کو انسداد دہشتگردی اور پاک افغان سرحد پر بارڈر مینجمنٹ کےطریقہ کار سےآگاہ کیا جائے گا۔