اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چمن واقعے میں غلطی افغانستان کی افواج کی تھی، افغان حکام نےغلطی کوتسلیم کیا اورمعذرت کی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ بارڈر پر لگی باڑ کی مرمت کے دوران پہلے فائرنگ کی گئی اور پھر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس سے 5 سویلین موقع پر شہید ہوئے دو زخمی ہسپتال جاتے ہوئے شہید ہوئے۔ پاکستان نے افغانستان کی فوجی پوسٹ پر حملہ کیا اور انکے فوجی مارے گئے۔
وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ غلطی افغانستان کی افواج کی تھی، افغان حکام نےغلطی کوتسلیم کیا اورمعذرت کی، افغانستان کے بارڈر پر معاملہ طے پا گیا ہے، افغانستان میں عدم استحکام کا اثر پاکستان میں بھی آرہا ہے کابل حکومت کے خیر خواہ ہیں چاہتے ہیں کہ وہ حکومت کریں، پاکستان کا افغانستان کے ساتھ تعاون ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا اکبرچترالی کی اپنی ایک سوچ ہے ان کے ریمارکس غیرمناسب ہیں، ہمارے لیے باعث فخرہے ایک خاتون وزیراعظم رہی، حنا ربانی کھراچھا کام کررہی ہے، افغان حکومت نےحنا ربانی کھرکےدورے پرکوئی اعتراض نہیں کیا۔