آرمی چیف کی تقرری کی سمری وزیراعظم آفس کوموصول ہوگئی:خواجہ آصف

Published On 23 November,2022 02:58 am

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تقرری کی سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول ھو گئ ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کیلئے سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر دفاع خواجہ آصف نےلکھا ہے کہ سمری وزارت دفاع سے وزیراعظم آفس میں موصول ہوگئی ہے۔ انشاءاللہ باقی مراحل جلد طے ہو جائیں گے۔اس سے قبل خواجہ آصف نے ٹویٹ کی تھی کہ وزیراعظم آفس کو سمری موصول ہونے پر تصدیق کر دی جائے گی۔

قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاک فوج میں اہم تعیناتیوں کی سمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہونے کی تردید کی تھی، وزیردفاع خواجہ آصف نے وضاحت کی تھی کہ وزیراعظم کو ابھی سمری موصول نہیں ہوئی، وزیراعظم ہاؤس کو سمری موصول ہوتے ہی تصدیق کردی جائے گی۔

علاوہ ازیں وزیراطلاعات و نشریات نے وضاحت کی تھی کہ پاک فوج میں اہم تعیناتیوں کے حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف سے منسوب بیان درست نہیں ہے، آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سمری تاحال وزیراعظم ہاؤس میں موصول نہیں ہوئی لہذا اس حوالے سے قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔ 

Advertisement