اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس آج شام 6 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شرکاء کو عشائیہ بھی دیں گے اور پارلیمانی رہنماوں کو اہم تقرریوں سے متعلق فیصلوں پر اعتماد میں لیں گے۔
وزیراعظم اور آصف زرداری ملاقات
قبل ازیں سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا، اس دوران سابق صدر نے وزیراعظم کی مزاج پرسی کی۔
وزیراعظم نے سابق صدر کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا، دونوں قائدین نے مجموعی ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب ملک میں آرمی چیف کی تعیناتی پر سیاسی قیادت ایک دوسرے کے ساتھ بیان بازی میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے چند ہفتے قبل لندن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نواز شریف سے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر مشاورت کی اور واپسی کے بعد تمام اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا۔
خیال رہے کہ 29 نومبر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں، ان کی تقرری موضوع بحث بن چکی ہے۔ اگر سینیارٹی کا جائزہ لیا جائے تو اس وقت پانچ لیفٹیننٹ جنرلز نئے سپہ سالار کیلئے امیدوار ہیں۔
ان امیدواروں میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید شامل ہیں۔
وزیراعظم متعین طریقہ کار کے مطابق تعیناتیوں کا فیصلہ کرینگے: مریم اورنگزیب
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف متعین طریقہ کارکے مطابق تعیناتیوں کا فیصلہ کریں گے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارت دفاع کی جانب سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی ہے، سمری میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف کے عہدوں پر تقرری کے لئے ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف متعین طریقہ کار کے مطابق ان تعیناتیوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔