وزیراعظم متعین طریقہ کار کے مطابق تعیناتیوں کا فیصلہ کرینگے: مریم اورنگزیب

Published On 23 November,2022 10:04 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف متعین طریقہ کار کے مطابق تعیناتیوں کا فیصلہ کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارت دفاع کی جانب سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی ہے، سمری میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف کے عہدوں پر تقرری کے لئے ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف متعین طریقہ کار کے مطابق ان تعیناتیوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

 آرمی چیف کی تقرری کی سمری وزیراعظم آفس کوموصول ہوگئی:خواجہ آصف

قبل ازیں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف وزیر دفاع خواجہ آصف نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کیلئے سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے لکھا کہ سمری وزارت دفاع سے وزیراعظم آفس میں موصول ہوگئی ہے، انشاءاللہ باقی مراحل جلد طے ہو جائیں گے، اس سے قبل خواجہ آصف نے ٹویٹ کی تھی کہ وزیراعظم آفس کو سمری موصول ہونے پر تصدیق کر دی جائے گی۔
 

Advertisement