اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علما اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی موت ثابت ہوگی۔
اسلم غوری نے کہا کہ نیازی اور تحریک انصاف حالت نزع میں ہیں، آخری ہچکیاں لے رہے ہیں، نیازی اپنے دور حکومت میں کوئی میگا پروجیکٹ تو نہیں کر سکا لیکن میگا کرپشن ضرور کی، کے پی میں پچھلی تمام حکومتوں سے زیادہ قرضے لئے گئے لیکن سرکاری ملازمین کو دینے کے لئے تنخواہیں نہیں۔
ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے دعوے تو بہت ہیں لیکن مراعات اب تک لے رہے ہیں، نیازی کو مرکز میں اب تک رہنے دیا جاتا تو پاکستان کو دیوالیہ کر جاتا، جے یو آئی مرکز کی طرح کے پی کو بھی اس گند سے صاف کرے گی۔
اسلم غوری نے کہا کہ نیازی کا دعویٰ ہے کہ اس کے دور میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ روزانہ اس کے کرپشن کے قصے سامنے آ رہے ہیں۔
ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ گھڑی چور ایٹمی طاقت اونے پونے داموں فروخت کرنے سے بھی باز نہ آتا، کل کو کہتا کہ میں وزیر اعظم تھا ایٹمی طاقت فروخت کر دی تو کیا ہوا؟