لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہوگئی جس کے باعث ایم ٹو موٹروے کو بابوصابو، ٹھوکر نیاز سے بند جبکہ لاہور ایئرپورٹ سے پروازوں کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔
لاہور میں شدید دھند کے حوالے سے سی ٹی او نے شہریوں کیلئے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے سرحدی علاقے شدید دھند کی لیپٹ میں ہیں، شہری محتاط ڈرائیونگ کریں اور کسی بھی مدد کی صورت میں فوری ہیلپ لائن 15 پرکال کریں، موٹروے بندش کے باعث داخلی و خارجی راستوں پر وارڈنز کی نفری میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
سی ٹی او ڈاکٹر اسد ملہی نے مزید کہا کہ بابو صابو، ٹھوکرنیاز بیگ ، شاہدرہ چوک، پرانے راوی پل پر وارڈنز کی نفری بڑھا دی گئی، تمام پولیس وہیکلز کی فلیشر لائٹس آن رکھی جائیں، شہری بھی فوگ لائٹس اور شیشوں پر نمی نہ ہونے دیں۔
دوسری جانب پی آئی اے کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر ائیرپورٹ پر رات 10 تا دن 11 بجے کے درمیان آپریٹ ہونے والی بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد منتقل کردیا، پروازوں کی منتقلی فضائی حفاظت اور مسافروں کو طویل انتظار کی کوفت سے بچانے کے تناظر میں کی گئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق صورتحال بہتر ہوتے ہی پروازیں واپس کردی جائے گی، پروازوں کی منتقلی پر عمل درآمد آج سے کیا جائے گا، مسافروں کے اہلخانہ مزید معلومات کیلئے پی آئی اے کال سینٹر 786 786 111 سے رجوع کریں۔