لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر و تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ آئین کی پاسداری تک ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، سیاسی انتشار صاف اور شفاف الیکشن سے ہی ختم ہوگا۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ گزشتہ 8 ماہ سےملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کیا جا رہا ہے، یہ ملک کے لیے انتہائی خطرناک ہے، جو کچھ بھی کیا جا رہا ہے اس سے ملک کمزور ہو رہا ہے، ملک کو انارکی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، دہشت گردی خیبرپختونخوا سے اسلام آباد تک پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: استعفوں کی منظوری کامعاملہ: شبلی فراز کی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون چل رہا ہے، ایک گورنرمنتخب لوگوں کو برطرف کر رہا ہے، سیاسی انتشار صاف اور شفاف الیکشن سے ہی ختم ہوگا، قانون کو گھر کی لونڈی بنا لیا گیا ہے، آئین کی پاسداری تک ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
شبلی فراز نے کہا کہ اس ٹولے کو پتا ہے وہ الیکشن نہیں جیت سکتے، نا اہل ٹولہ جس طرح حکومت چلا رہا ہے ان کو تو جوتے پڑنے چاہئیں۔