لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف سٹاف شبلی فراز نے کہا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا کو شرم آنی چاہیے، گورنر آرٹیکل 6 کی زد میں آگئے ہیں، وہ آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں ایک افراتفری کی کیفیت پیدا کی جا رہی ہے، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے لیڈر کو ہراساں کیا جا رہا ہے، ہم نے تاریخ میں اس طرح کے کیسز نہیں دیکھے، ملک ان سب چیزوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اس وقت مہنگائی کی تکلیف پہنچ رہی ہے، ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے کہ لوگوں کی بات کرنے والا کوئی نہ ہو، کل دہشتگردی ہوئی، ذمہ داران کے خلاف ہم ایف آئی آر درج کروائیں گے، بدقسمتی سے میں ایک برائے نام پارلیمنٹ کا ممبر ہوں، ملک معاشی طور پر بینک کرپٹ ہوچکا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان اس ملک کے مستقبل کی کرن ہے، آپ اس کرن کو نہیں بجھا سکتے، عمران خان کو گرفتار کرنا ملکی مفاد میں نہیں ہوگا، ذاتی دشمنیاں نہ کی جائیں، عمران خان پاکستان کے بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، شرپسند عناصر اس وقت حکومت میں بیٹھے ہیں، یہ ملک کو تباہی کی طرف لے گئے ہیں، ہم نہیں چاہتے یہ ملک کو اور تباہی کی طرف لے جائیں۔