کراچی: (دنیا نیوز) بانی پاکستان قائدِ اعظم محمدعلی جناح کا 146واں یوم پیدائش آج انتہائی عقیدت، احترام اور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
کراچی میں بابائے قوم کے مزار پر تعینات گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس نے مزارِ قائد کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالیں، تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل عمر نسیم تھے جنہوں نے گارڈز کا معائنہ کیا، اعزازی گارڈز نے مہمان خصوصی میجر جنرل عمر نسیم کو جنرل سلام پیش کیا اور انہوں نے مہمانوں کی کتاب پر تاثرات بھی درج کیے۔
تقریب میں پاک فضائیہ کےکیڈٹس گارڈز کے فرائض پاکستان آرمی کے کیڈٹس کےحوالے کیے گئے۔
گورنرسندھ، وزیراعلیٰ اور کمشنر کراچی مزار قائد پر حاضری دیں گے جبکہ تینوں افواج کے نمائندے، ڈی جی رینجرز بھی مزار قائد پر حاضری دیں گے۔
خیال رہے کہ قائد کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سال میں 3 بار، 14 اگست، 6 ستمبر اور 25 دسمبر کو منعقد ہوتی ہے۔
تقریب میں پاک نیوی، پاکستان ائیر فورس اور پی ایم اے کاکول کے کیڈٹس بالترتیب ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں۔