اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ملک کو مستحکم کریں گے۔
صدر مملکت عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کا کشمیر سے متعلق اہم بیان بھی شیئر کیا۔
صدر عارف علوی نے قائد اعظم محمد علی جناح کے 146 ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج قائد کے جمہوری اقدار کے وژن کو برقرار رکھنےکا عہد کریں، خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے قائد کے فرمان پر عمل درآمد کریں گے، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کرتے ہوئے خوشحالی اور ترقی کی طرف سفر کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ صحیح وقت پر درست فیصلہ کریں گے اور قائداعظم کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ملک کو مستحکم کریں گے۔
صدر پاکستان نے کہا کہ قائداعظم نےکہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کوئی قوم اپنی شہ رگ کو دشمن کے قبضے میں رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتی، کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنےکا عہد کرتے ہیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف
وزیرِاعظم شہباز شریف نے یومِ قائد کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم قائد کا یومِ پیدائش ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے، قائد اعظم کی جدوجہد کی بدولت آج ہم آزادی سے سانس لے رہے ہیں، قائد اعظم نے مسلمانانِ برِصغیر کو حقوق کا صحیح معنوں میں ادراک کروایا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قائد کی جدوجہد کا مقصد ایسی ریاست کا بھی قیام تھا جس میں اقلیتیں بغیر کسی خوف و خطر اپنی زندگیاں گزاریں، بھارت انتہاء پسند سوچ کی وجہ سے بطورِ ریاست اقلیتوں کے تحفظ میں ناکام ہے، قائداعظم کی دور اندیشی اور دو قومی نظریے کیلئے دی گئی دلیلوں کی صداقت ثابت ہوتی ہے۔
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم کی زندگی اصول پسندی، آئینی جدوجہد کا عملی نمونہ تھی، قوم کو آج قائدِ اعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ذیادہ ضرورت ہے، پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے، ہمیں آج قائد کے اصولوں پر چلنے کی زیادہ ضرورت ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ والدین اور اساتذہ نسلِ نو کو قائدِ اعظم اور تحریکِ پاکستان کے دیگر قائدین کی زندگیوں کے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔
آصف زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی قائداعظم کے فلسفے کی روح کے مطابق ملک کو جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے پر ثابت قدم ہے، پیپلز پارٹی قائداعظم کے بنائے ہوئے ملک میں اظہار رائے کی آزادی، سیاسی اور مذہبی آزادی کا دفاع کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا بنایا ہوا 1973 کا آئین وطن کی بقا اور سلامتی کا ضامن ہے،ایک مخصوص سوچ مذہب کی آڑ لیکر ملک اور معاشرے پر اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتی ہے۔
میاں اسلم اقبال
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا قائداعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر کہنا ہے کہ محمد علی جناح کا یوم پیدائش قابل فخر قوم کے وجود میں آنے کا دن ہے، 25 دسمبرایسے عظیم لیڈر کی پیدائش کا دن ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ وطن دیا۔
میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو سیاسی سمت اور الگ شناخت دی، وہ آخری سانس تک جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے پرعزم رہے، قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔
میر عبدالقدوس بزنجو
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے قائداعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش پر پیغام میں کہا ہے کہ وطن عزیز کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد برقرار رکھیں، بابائے قوم کے زریں اصولوں کو اپنا نصب العین سمجھتے ہوئے ان پر عمل پیرا ہوں، قائداعظم محمد علی جناح کے زریں اصول اتحاد، تنظیم اوریقین محکم پاکستان کو ایک مستحکم ریاست بنانے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائد کے اصولوں پر عملدرآمد کی جتنی ضرورت آج ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہیں تھی، بابائے قوم کے تصور کے مطابق پاکستان میں رواداری، روشن خیالی اور جمہوریت کو فروغ دے کر ہی ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا حق ادا کرسکتے ہیں، پاکستان کے روایتی دشمن نے ہمارے وطن کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں شروع کررکھی ہیں، پوری قوم اتحاد واتفاق کے ذریعے ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بابائے قوم کو بلوچستان اور یہاں کے لوگوں سے خصوصی محبت تھی، آج ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ سیاسی اور گروہی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کے استحکام اور قومی اتحاد کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، قائد اعظم کے تصور کے مطابق ایک مستحکم جمہوری اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔