اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، تمام مذاہب امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، تحریک پاکستان سے آج تک مسیحی برادری کی وطن عزیز کے لئے بیش بہا خدمات و قربانیاں ہیں، مسیحی برادری کی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کاوشیں قابل قدر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دفاع کے میدان میں بھی مسیحی برادری کی خدمات قابل تعریف ہیں، آئین پاکستان کےتحت تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، تمام مذاہب کے لوگوں کی ایک ہی منشا امن ہے، تمام مذاہب امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتے ہیں۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں اگر کوئی واقعات ہوئے تو ان کا ہمیں بڑا افسوس ہے، میثاق مدینہ اسلام کی ایک روشن مثال ہے، اسلام میں کوئی زبردستی نہیں، نیشنل منیارٹی کمیشن کا ڈرافٹ بن چکا ہے، جلد ہی نیشنل منیارٹی کمیشن کو قانون کا عملی جامہ پہنائیں گے۔