لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے آصف زرداری، چوہدری شجاعت اور گورنر پنجاب سے ٹیلفونک رابطے کر کے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وفاقی میں حکمران اتحاد کی مشاورت جاری ہے اور اسی حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے آصف زرداری، ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ٹیلفونک رابطے کئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تینوں رہنماؤں کو فون کیا اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اسمبلی اجلاس کو غیر آئینی قرار دینے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومتی رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے آئین اور قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
حکومتی رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ آئین کا آرٹیکل 130 اور پنجاب اسمبلی کے قواعد واضح ہیں، اور اگر پرویز الہی نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو گورنر آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکمران اتحاد نے آئینی و قانونی ماہرین سے بھی مشاورت مکمل کر لی ہے اور تمام کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد جمع ہو جائے یا اعتماد کے ووٹ کا معاملہ ہو تو اجلاس گورنر ہی بلائے گا، گورنر پنجاب کے بلائے اجلاس کو سپیکر روک نہیں سکتا۔