اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بجلی اور سوئی گیس کی تقسیم کار کمپنیاں بلوں کی ریکوری کے نظام کو فوری طور پر بہتر کریں۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت توانائی کے شعبے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں بجلی اور گیس کے شعبوں میں گردشی قرضے پر قابو پانے کیلئے حکمت عملی وضع کی گئی۔ وزیر اعظم کی جانب سے توانائی کے شعبے میں موجود گردشی قرضے کو کم کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ توانائی بچت پلان وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائےگا۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں موجود گردشی قرضے کو کم کیا جائے، مسلم لیگ ن کی حکومت بہتر پالیسی کے ذریعے 2013 سے 2018 میں اپنے دور حکومت کے دوران گردشی قرضے کو مکمل ختم کرنے کا عملی ثبوت دے چکی ہے۔ مسلسل محنت اور مؤثر حکمت عملی سے اب بھی اس مسئلے پر دوبارہ قابو پا لیں گے ۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل اس طرح مکمل کیا جائے کہ گردشی قرضہ بتدریج کم ہو کر بالآخر ختم ہو جائے، سوئی گیس کی تقسیم کار کمپنیاں بلوں کی ریکوری کے نظام کو فوری طور پر بہتر کریں، بجلی اور گیس کے صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے، بجلی اور گیس کے بلوں کی وصولی کے نظام کو بھی مزید موثر بنایا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کے شعبے کے محصولات میں اضافے کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جائیں، اس مقصد کیلئے ترسیل کے نظام کو بہتر بنا کر بجلی اور گیس کی چوری اور ضیاع کو روکا جائے۔ وزیر اعظم نے اجلاس میں توانائی بچت پلان کا بھی جائزہ لیا۔