لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین، سابق صدر آصف زرداری نے ماڈل ٹاؤن میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پرویز الٰہی سے براہ راست رابطہ نہ کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، آصف زرداری اور شہباز شریف نے چودھری شجاعت حسین سے رابطے بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے طے کیا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کا ٹاسک چودھری شجاعت حسین کو دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر طے پایا کہ چودھری شجاعت حسین کے گرین سگنل تک پرویز الٰہی سے براہ راست رابطہ نہ کیا جائے۔
دونوں قائدین نے معیشت کو ڈیفالٹ کرانے کی سازشیں کرنے والوں کے خلاف اقدامات کرنے کا بھی فیصلہ کیا، سابق صدر زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا، انہوں نے سیلاب متاثرین کی بحالی اور سردی سے بچانے کے لئے امدادی کام مزید تیز کرنے پر زور دیا۔
شہباز شریف اور آصف زردار نے اتحادی جماعتوں کی سیاسی طاقت بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ضروری ہے، پاکستان کو معاشی خطرات سے بچانے کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔
دونوں قائدین کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام، معاشی بہتری کے لئے اتحادی حکومت ثابت قدمی سے آگے بڑھتی رہے گی، ملاقات میں وزیر اعظم کے معاونین خصوصی ملک محمد احمد خان اور عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کا موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر گہری نظر رکھنے پر اتفاق ہوا جس کے بعد آصف زرداری نے پنجاب میں اپنا پڑاؤ طویل کر لیا۔