لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کے روبرو پیش ہو گئے۔
ایف آئی اے کی جانب سے سلیمان شہباز کو منی لانڈرنگ کیس سے متعلق سوال نامہ دیا گیا، سلیمان شہباز نے سوالات کا جواب دینے کے لئے وقت مانگ لیا۔
ایف آئی اے حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سلیمان شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کے بے نامی اکاؤنٹس پر مقدمہ درج ہے، مقدمہ کی تفتیش جاری ہے اور سلیمان شہباز کیس میں شامل تفتیش ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ سلیمان شہباز منی لانڈرنگ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت پر ہیں اور چند روز قبل ہی وہ وطن واپس پہنچے تھے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو سلیمان شہباز کو گرفتار کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے وزیراعظم کے صاحبزادے کو عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔