اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں۔
تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا گیا، اس موقع پر ان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے تاجکستان کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا، تاجک صدر نے اپنے وفد کے ارکان کا وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تعارف کرایا جبکہ وزیراعظم نے اپنی کابینہ کے ارکان سے انہیں ملوایا۔
بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تاجکستان کے صدر کا دورہ پاکستان ہمارے لیے باعث فخر ہے، تاجکستان وسطی ایشیا کا اہم ملک ہے، پاکستان اور تاجکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں۔
وزیر اعظم سے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی ون آن ون ملاقات
قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے ون آن ون ملاقات کی۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے معاملات اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے۔