اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے، اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمن بھی موجود تھے۔
دونوں ملکوں کے درمیان دوشنبے اور اسلام آباد کے درمیان سسٹر سٹیز ریلیشنز کے قیام، صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون، ٹرانزٹ ٹریڈ، صدر تاجکستان کے ماتحت ڈرگ کنٹرول ایجنسی اور اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان کے درمیان نارکوٹکس ڈرگز اور سائیکو ٹروپک مادوں اور ان کے ماخذوں کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کے معاہدے پر دستخط کئے گئے ۔
اعلامیہ کے مطابق تاجک حکومت کی ایجنسی آف سٹینڈرڈرئزایشن، میٹرولوجی، سرٹیفکیشن اینڈ ٹریڈ انسپکشن اور حکومت پاکستان کی سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے درمیان تعاون، کسٹمز سروس آف تاجکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو پاکستان کے درمیان الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج کے قیام کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔
انسٹیٹیوٹ آف واٹر پرابلمز، ہائیڈرو پاور اینڈ ایکولوجی آف دی اکیڈمی آف سائنس تاجکستان اور پاکستان کی کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز کے درمیان بنیادی تحقیق، یونیورسٹی آف پشاور پاکستان اور تاجک نیشنل یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔
پاکستان اور تاجکستان کے تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں: وزیراعظم شہباز شریف
تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا گیا، اس موقع پر ان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے تاجکستان کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا، تاجک صدر نے اپنے وفد کے ارکان کا وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تعارف کرایا جبکہ وزیراعظم نے اپنی کابینہ کے ارکان سے انہیں ملوایا۔
بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تاجکستان کے صدر کا دورہ پاکستان ہمارے لیے باعث فخر ہے، تاجکستان وسطی ایشیا کا اہم ملک ہے، پاکستان اور تاجکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں۔
وزیر اعظم سے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی ون آن ون ملاقات
قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے ون آن ون ملاقات کی۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے معاملات اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے۔