اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰؑ اور حضرت مریمؑ مسیحیوں اور مسلمانوں کے درمیان قدر مشترک ہیں، یہ جلیل القدر ہستیاں انسانیت کے لیے راہ ہدایت ہیں، ان پاک ہستیوں کے کردار کی پاکیزگی اور عظمت کی گواہی اللہ تعالی نے قرآن میں دی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسیحی برادری نے قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان میں بھر پور کردار ادا کیا، قیام پاکستان کے موقع پر مسیحی برادری کے قائدین نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ مسیحیوں کے قائم کردہ سکول اور ہسپتال آج بھی معاشرے کی خدمت کر رہے ہیں، تعلیم، صحت اور دفاع پاکستان سمیت مختلف شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین میں مسیحیوں سمیت تمام غیر مسلم پاکستانیوں کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے، وہ برابر کے شہری ہیں، تمام اقلیتوں کے جان ومال کی حفاظت ہماری اسلامی اور آئینی ذمہ داری ہے، اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین، بچوں سمیت تمام طبقات کی ترقی وخوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔