اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے تک اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
صدر مملکت نے 20 دسمبر کو بنوں میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے ورثاء سے رابطہ کیا، صدر نے سپاہی بابر ایوب اور لانس نائیک حلیم کے ورثاء سے فون پر دونوں کی بہادری، فرض شناسی اور قوم کیلئے قربانی پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اس کے علاوہ اپنے ایک ٹویٹ میں صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو وراثت سے محروم رکھنے والے غلط روایتی ظلم کا خاتمہ ہونا چاہئے، اس مقصد کیلئے تمام شراکت داروں کو مل کر کام کرنا ہے، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی اسلامی قوانین وراثت کی خلاف ورزی نہ کرے جیسا کہ قرآن و سنت اور ہمارے آئین میں درج ہے۔
ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی اسلامی قوانین وراثت کی خلاف ورزی نہ کرے جیسا کہ قرآن و سنت اور ہمارے آئین میں درج ہے۔ اس غلط روایتی ظلم کا خاتمہ ہونا چاہئے جس میں خواتین وراثت سے محروم رہیں۔ میں علمائے کرام، عدلیہ اور میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ میرے ساتھ مل کر یہ جنگ لڑیں https://t.co/DmEqXsTvsD
— Dr. Arif Alvi (@ArifAlvi) December 27, 2022