لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے خلاف دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات سے تجاوز کر کے پارٹی عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کررہا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیرمین کو عہدے سے ہٹانے کے لئے غیر قانونی طور پر نوٹس جاری کیا۔
سابق وزیراعظم نے موقف میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 7 دسمبر 2022 کو خلاف قانون کاروائی کا آغاز کیا، میں نے الیکشن کمیشن کے روبرو اپنے مکمل اثاثے ظاہر کر رکھے ہیں۔
درخواست میں عدالت سے الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو بھیجے گئے نوٹس کو معطل کرنے اورحتمی کارروائی تک الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔