زرداری کوئی لیڈر نہیں وہ لوٹی دولت پر سیاست کرتے ہیں: عمران اسماعیل

Published On 07 January,2023 10:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آصف زرداری کوئی لیڈر نہیں لوٹی دولت پر سیاست کرتے ہیں، وہ لوگوں کو پیسے سے خریدتا ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’سوال عوام کا‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں 6 فیصد پر معیشت گروتھ کر رہی تھی، تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوئی تو اس وقت 17 ارب ڈالر خزانے میں موجود تھے، موجودہ حکومت پر دنیا کو اعتبار نہیں، آج ملک کی انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں، یہ لوگ تو کہیں بیٹھ کر کھانا نہیں کھا سکتے ووٹ مانگنے کیا جائیں گے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمارے لیے تو اچھا ہے یہ اقتدار میں چمٹے رہے، مہنگائی اتنی ہے لوگ خود انہیں جوتے ماریں گے، نئی حکومت مینڈیٹ کے ساتھ آئے گی تو مشکل فیصلے کرنا مشکل نہیں ہوں گے، ڈاکٹر نے ابھی تک عمران خان کو چلنے کی اجازت نہیں دی، عمران خان ٹھیک ہو کر پورے پاکستان میں نکلیں گے، وزیر آباد قاتلانہ حملے سے سبق سیکھا ہے، سکیورٹی کو بہتر کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو استعفوں کا آپشن ہمارے پاس موجود ہے، سپیکر ہمارا بیٹھا ہوا ہے فوری استعفے قبول کر لے گا،عدالتی احکامات کے باوجود یہ اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن سے بھاگ گئے، الیکشن جب بھی ہوں گے پتا چل جائے گا کون مقبول ہے، انہوں نے اقتدار میں آکر اپنے کیسز معاف کرا لیے، نواز شریف اپنی حکومت میں ملک واپس آنے کیلئے گھبراتے ہیں۔

سابق گورنر سندھ نے کہا ملک میں عجیب قسم کی چیزیں ہو رہی ہیں، تحریک انصاف نے اتار چڑھاؤ کا سامنا کیا ہے، تحریک انصاف پی ڈی ایم، گزشتہ اسٹیبلشمنٹ، الیکشن کمیشن کا مقابلہ کر رہی ہے، سپیکر قومی اسمبلی ہمارے ممبران کے استعفے قبول نہیں کر رہے، الیکشن کمیشن صرف تحریک انصاف کے خلاف فیصلہ دے رہا ہے، الیکشن کمیشن کا باقی پارٹیوں کیلئے اور تحریک انصاف کیلئے اور ہوتا ہے۔