جہلم: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ بحال کرنا چاہتے ہیں، ہمارا کسی سے اختلاف نہیں ہے، ہم اداروں کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ چاہتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ منحرف اراکین کی نئی سیاسی جماعت بننے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، پنجاب میں اعتماد کے ووٹ کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں، پنجاب اسمبلی کے حوالے سے 11 تاریخ کو دیکھ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی عروج پر، احتجاج شروع ہوگئے تو انتشار کون روکے گا: فواد چودھری
فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، موجودہ حکمران سعودی عرب اور چین سے امداد کی امید لگائے ہوئے ہیں، اس ہفتے مہنگائی میں 31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مہنگائی میں مذید 3 گنا اضافہ ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کی وجہ سے ملک میں انتشار نہیں پھیل رہا ہے، عوام اگر لیڈر شپ کے بغیر باہر نکلی تو ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے، 22 کروڑ کے ملک کی 66 فیصد آبادی 28 سال سے کم عمر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکمران پاکستان کیلئے خطرہ بن گئے ہیں: فواد چودھری
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمینٹ میں بیٹھے لوگ طاقت اور کسوٹی سے کسی کو نہیں دبا سکتے۔ اگر بات ہاتھ سے نکل گئی تو کوئی کنٹرول نہیں کر سکے گا۔