گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پنجاب میں اعتماد کا ووٹ لینے کی طرف بڑھ رہے ہیں اس کے بعد اسمبلی کی تحلیل ہو گی، پنجاب اسمبلی میں ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونے دیں گے، پی ٹی آئی ممبران پرویز الہٰی کو ووٹ دیں گے، ہمارے ایم پی ایز کو کا لیں آئیں اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
گوجرانوالہ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ کراچی میں غنڈہ گردی کر کے پی ٹی آئی کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کو اکٹھا کر کے پرتشدد حالات پیدا کرنا شہداء کے خون سے غداری ہو گی، بلوچستان میں باپ امی بن گیا ہے اس کے بچے پی پی میں شامل کئے جا رہے ہیں اب وہ دور نہیں کہ امیدوار کو ادھر ادھر کر دیں، ستر فیصد ووٹ عمران خان کا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، احسن اقبال اور رانا ثناء اللہ الیکشن کروانے کا کہتے رہے بعد میں جوتے چھوڑ کر بھاگ گئے، شہباز شریف کی حکومت جب سے آئی انہوں نے افغانستان سے کوئی رابطہ نہیں کیا، افغانستان سے ہمارے تعلقات بریک اپ ہو چکے ہیں، بلاول روز واشنگٹن جاتے ہیں، افغانستان سے تعلقات کیوں نہیں بہتر کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں کے پی اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کو نہیں بلایا گیا،ایل سی کھلوانے کے پیسے نہیں اتنے بڑے آپریشن میں کیسے جائیں گے، موجودہ حکومت کے پاس معاشی، سیاسی پالیسی نہیں، جنرل باجوہ ریٹائرڈ ہو چکے وہ اسٹیبلشمنٹ کا حصہ نہیں ہیں، کامران ٹیسوری کا کردار سب کے سامنے ہے، منظور وسان کو میں پاگل خانے میں دیکھ رہا ہوں۔