اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں فیصلے کرنے والے لوگ مزید تجربے کرنا بند کریں، اگر آپ کسی پر بم یا مزائل حملہ کریں گے تو وہ بھی جواب دے گا، ہم مزید تجربوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں عدالتی نظام رہ ہی نہیں گیا، ملک میں اس وقت ڈالر نہیں ہیں، پہلے ڈالر نہیں مل رہا تھا اب سونا ملنا مشکل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام وزراء بیرون ملک دوروں پر رہتے ہیں، بلاول بھٹو صاحب طیارے پکڑ کر واشنگٹن چلے جاتے ہیں، وزیراعظم کے چائنہ دورے پر 43 لوگ ہمراہ گئے، چھوٹے لوگ کرسیوں پر بیٹھ گئے ہیں جس کی وجہ سے اداروں کا احترام نیچے آگیا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ 8 ماہ کے دوران دہشتگردی میں 52 فیصد اضافہ ہو گیا ہے، افغانستان میں صورتحال خراب ہوگی تو پاکستان میں بھی ہوگی، اگر آپ کسی پر بم یا مزائل سے حملہ کریں گے تو وہ بھی جواب دے گا، بم مارنے سے مسائل حل نہیں ہوا کرتے، ایک ہی پاکستانی لیڈر کی افغانستان میں عزت ہے اور وہ عمران خان ہیں، اپنے دور میں ہم بارڈر مارکیٹس کھول رہے تھے۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے فیصلوں کے سامنے سر تسلیم خم کرنا ہوگا، پاکستان کے ساتھ تجربے اور مذاق بند ہونے چاہئیں، عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست بھانجھ ہے، پی ڈی ایم سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوئی، جلد از جلد آئین کے اندر آنا ضروری ہے، ہم مزید تجربوں کے متحمل نہیں ہوسکتے۔