تحریک انصاف کا ملکی معاشی صورتحال پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا فیصلہ

Published On 26 December,2022 05:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پارٹی نے ملک کی معاشی صورتحال پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس سلسلہ میں عمران خان کے زیر صدارت معاشی ماہرین کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، معاشی ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں معاشی صورتحال پر وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا۔

فواد چودھری نے کہا کہ تحریک انصاف نے بنیادی اصلاحات کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دئیے ہیں جو معیشت اور گورننس پر سفارشات تیار کر رہے ہیں، ان گروپس میں پاکستان اور بیرون ملک مقیم ماہرین شامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو ادراک ہے کہ ان حکمرانوں سے نجات کے بعد بڑی اصلاحات کے بغیر ملک اس 8 ماہ کے گرداب سے نہیں نکل سکتا۔
 

Advertisement