اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کی معاشی حالت خطرے کی گھنٹی بجا رہی ہے، اس وقت انا کو چھوڑ کر ملک کی بہتری کا سوچنا چاہئے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں بے روزگاری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، نجی سیکٹر کے تعاون کے بغیر بے روزگاری پر قابو پانا ممکن نہیں، ہم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد پانچ ہزار سے 38 ہزار پر لائے ہیں۔
سردار تنویر الیاس کا مزید کہنا تھا کہ ریاست کا ٹیکس نظام پورے ملک کے لئے مثالی ہوگا، آئی ٹی بزنس پر ٹیکس کم اور زیادہ سہولیات دیں گے، آزاد کشمیر میں بھی نیپرا کی طرز کا ادارہ بنایا جائے گا، حکومت آٹا پر اب تک 12 ارب روپے سے زائد سبسڈی دے چکی ہے۔