لاہور: (دنیا نیوز) گارڈن ٹاﺅن کے علاقے سے اغواء ہونے والا مونس الہٰی کا قریبی دوست 4 روز بعد واپس گھر پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مغوی احمد فاران پر اسرار طور پر گھر سے لاپتہ ہوا تھا، مغوی احمد فاران خان مسلسل 4 روز گھر سے باہر گزارنے کے بعد واپس گھر پہنچ چکا ہے۔
قبل ازیں 7 جنوری کو چودھری مونس الہٰی نے ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کل میرے ایک دوست کو کچھ لوگوں نے لاہور سے اٹھا لیا، ایف آئی اے والے قسمیں کھاتے ہیں کہ ہم نے نہیں اٹھایا۔
کل میرے ایک دوست کو 2 کالے ویگو میں کچھ لوگوں نے لاہور میں اٹھا لیا۔ ایف آئی اے والے قسمیں کھاتے ہیں ہم نے نہیں اٹھایا ۔اب کچھ دن بعد اچانک ایف آئی اے کو پہنچا دیا جائے گا اور ان کو مجبور کیا جائے گا پرچہ دو ۔ آپ لوگوں کو سمجھ نہیں آتی کہ ہم نے پی ڈی ایم کے ساتھ نہیں ملنا۔ pic.twitter.com/HLSed9FkSn
— Moonis Elahi (@MoonisElahi6) January 7, 2023
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب میرے دوست کو کچھ دن بعد اچانک ایف آئی اے کے پاس پہنچا دیا جائے گا اور ان کو مجبور کیا جائے گا کہ پرچہ دو، آپ لوگوں کو سمجھ نہیں آتی کہ ہم نے پی ڈی ایم کے ساتھ نہیں ملنا۔
دوسری جانب احمد فاران خان کی بازیابی کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی جس میں احمد فاران خان کو عدالت کے روبرو پیش کر دیا گیا، پیشی کے موقع پر صحافی نے احمد فاران خان سے سوال کیا کہ آپ کے سر پر زخم کے نشان کیسے ہیں جس پر احمد فاران نے کہا کہ ابھی آتے ہوئے گاڑی کا دروازہ لگا ہے جس کی وجہ سے زخم آیا ہے۔
عدالتی حکم پر سی سی پی او لاہور بھی عدالت میں پیش ہوئے، لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ، ایف آئی اے اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا تھا، جسٹس عالیہ نیلم نے احمد فاران کی بازیابی پر درخواست نمٹا دی۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ 3 جنوری کو ایف بی آر، بیرون ملک دوروں، سرمایہ کاری کا تمام ریکارڈ طلب کیا گیا، ایف آئی اے سے تمام تر ریکارڈ پیش کرنے کے لئے چند دن کی مہلت طلب کی، مہلت کی استدعا کے باوجود احمد فاران خان کو چند نامعلوم گاڑیوں میں سوار افراد نے اغوا کر لیا، احمد فاران خان کی بازیابی کے لئے کوششیں کیں، مقدمہ بھی درج کروایا گیا۔
درخواست کے مطابق تاحال احمد فاران سے متعلق کوٸی علم نہیں کہ ایف آٸی اے نے اسے کہاں رکھا ہے، وفاقی حکومت صوباٸی حکومت کے ساتھ سیاسی محاز آراٸی میں ہے، پنجاب میں حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد کو نیب اور ایف آٸی اے کے ذریعے ہراساں کی جا رہا ہے، احمد فاران خان کو بازیاب کر کے پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔