کراچی عمران کا شہر بن چکا، پی ٹی آئی اکثریت حاصل کریگی، خرم شیر زمان

Published On 12 January,2023 11:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی اب عمران خان کا شہر بن چکا ہے، بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی اکثریت حاصل کرے گی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے لیے ہم تین دفعہ تیار تھے، ایم کیو ایم کے پاس 80 فیصد یونین کونسل میں امیدوار ہی نہیں، ایم کیو ایم کے پاس کوئی آپشن ہی نہیں ہے، وہ جانتے ہیں ان کو اب ووٹ نہیں ملنا۔

خرم شیرزمان نے کہا کہ کراچی شہر اب عمران خان کا شہر بن چکا ہے،عمران خان نے شہر کو 52 فائر بریگیڈ گاڑیاں دیں، عمران خان نے شہرمیں تین بڑے اسٹرانگ ڈرینز کو بنوایا، گرین لائن منصوبے کو عمران خان نےمکمل کرایا، کے فور منصوبہ چلوایا، عمران خان نے بے شمار ترقیاتی کام کرائے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف میجورٹی حاصل کرے گی، تحریک انصاف اپنا میئر لائے گی، پورا پاکستان ان تمام سیاسی جماعتوں سے پریشان ہے، کراچی والوں کے پاس تحریک انصاف کے علاوہ آپشن نہیں۔

خرم شیرزمان نے کہا کہ کراچی میں سردیوں میں بھی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، اللہ کا شکر ہے کورونا عمران کے دور میں آیا ورنہ کراچی میں تو کتا کاٹنے کی ویکسین نہیں ملتی۔
 

Advertisement