کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم شاہراہ فیصل پر دھرنا دے یا سرکس کرے الیکشن تو ہوں گے، کراچی کے عوام متحدہ کی چکنی چپڑی باتوں میں نہیں آنے والے۔
ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ زیادتی کے شکوے، حقوق کی باتیں، ان ڈرامے بازوں کو آسکر ملنا چاہیئے، رونے دھونے کے بجائے ایم کیو ایم پیپلز پارٹی سے اپنا اتحاد ختم کرے، مایوس کن پریس کانفرنس نے ظاہر کر دیا یہ اپنی شکست تسلیم کر چکے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ 40 برسوں سے کراچی کے عوام کی پیٹھ میں یہ چھرا گھونپتے رہے، بلدیاتی الیکشن میں رکاوٹیں ڈالنا توہین عدالت کے مترادف ہے، مصطفیٰ کمال جنہیں را کا ایجنٹ کہتے تھے آج یوٹرن لے کر بھی شرمندہ نہیں، ایم کیو ایم کی یہ عجب پریم کی غضب کہانی زیادہ دن نہیں چلے گی۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں ایم کیو ایم کو منہ کی کھانا پڑے گی، بلدیاتی الیکشن میں تمام کراچی دشمن جماعتوں کی چھٹی ہوجائیگی، پی ٹی آئی کراچی میں ہر صورت اپنا مئیر لے کر آئے گی۔