لاہور : ( دنیا نیوز ) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سب کہتے تھے عمران خان کو سیاست نہیں آتی، اس نے ان کو ناکوں چنے چبوا دئیے ہیں، خود کو سیاسی پنڈت سمجھنے والے عمران خان کے ہاتھوں رسوا ہوگئے ہیں۔
مانچسٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ ہم قومی اسمبلی سے استعفوں کی منظوری کا 10 ماہ سے انتظار کر رہے تھے، استعفوں کی منظوری کی بات وفاقی حکومت کے گلے پڑ جائے گی، بات عدم اعتماد اور نگران حکومت کی طرف جا رہی تھی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پارک لین میں قید تنہائی کاٹنے والے میرے ساتھ واپس پاکستان چلیں، مسلم لیگ ( ن ) میں توڑ پھوڑ شروع ہو چکی ہے، اچھے خاصے پرندے اڑنے کو تیار ہیں، ن لیگ اپنے آپ کو نا اہل ثابت کرنے میں مکمل کامیاب رہی ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کا مسئلہ کھٹائی میں پڑ چکا ہے، انہیں مارچ سے قبل الیکشن کا شیڈول دینا پڑے گا، ان کو عام انتخابات میں ووٹ نہیں کچھ اور پڑے گا، سب اپنے اپنے بالکوں کے نام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے سوا کوئی اور راستہ نہیں، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کی تمام جماعتیں سیاسی طور پر دفن ہو چکی ہیں، جو گڑھا عمران خان کیلئے کھودنے کا سوچا تھا اس میں یہ خود گر گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی ماہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے گا، ایک کروڑ اوورسیز پاکستانیوں میں سے 70 لاکھ ووٹ عمران خان کا ہے، نیب ترامیم کا کیس بھی سماعت کیلئے مقرر ہو چکا ہے۔