پاکستان اور روس کے درمیان کسٹم شیئرنگ سے متعلق معاہدہ طے

Published On 20 January,2023 02:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور روس کے درمیان دستاویزات پر دستخط کی تقریب کا انعقاد، دونوں ممالک کے دوران کسٹمز امور سے متعلق تعاون بڑھانے اور ڈیٹا شیئرنگ کا معاہدہ طے پا گیا۔

اسلام آباد میں پاک روس بین الحکومتی کمیشن اجلاس کے بعد دستاویزات پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کسٹمز امور سے متعلق تعاون بڑھانے اور ڈیٹا شیئرنگ کے معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔

تقریب کے دوران ایف بی آر اور روس کے فیڈرل کسٹمز سروس کے درمیان ڈیٹا تبادلے کے معاہدے پر دستخط کئے گئے، ایم او یو کے تحت دونوں ممالک کسٹمز سے متعلق امور پر ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔

روسی وزیر توانائی نکولے شلگی نووف کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن اجلاس کے انعقاد پر پاکستان کے مشکور ہیں، ڈیری کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے، پاکستان میں برآمدی صنعت لگانے میں تعاون جاری رکھیں گے، معاہدوں سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا، پاکستان کے ساتھ مختصر اور طویل مدتی منصوبوں پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان کے ساتھ روڈ ٹرانسپورٹ کو فروغ دیں گے، تیل اور گیس کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، توانائی ،زراعت ، مالیات، تجارت ، سرمایہ کاری، کسٹم کے شعبوں پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان اور روس کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔

سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لئے مزید معاہدے بھی کریں گے۔

اعلامیہ جاری
پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن برائے تجارت ،معاشی ،سائنسی و فنی تعاون مغ تین روزہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادمیر پیوٹن کی رہنمائی میں دونوں ممالک کا تعاون بڑھانے ، معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا بھی عزم کیا گیا۔

دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری ،توانائی ،مواصلات اور ٹرانسپورٹ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان اور روس اعلیٰ تعلیم ،انڈسٹری ،ریلویز ،فنانس اور بینکنگ سیکٹر میں بھی تعاون پر متفق ہیں، کسٹم، زراعت ،سائنس اور ٹیکنالوجی ،انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبہ جات میں بھی تعاون کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق تیل اور گیس کے شعبہ میں تعاون کے لیے طریقہ کار کو مارچ تک حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے، دونوں ممالک کی وزارتیں اور متعلقہ محکمے خوشحالی کے مشترکہ مقصد کے لیے تعاون کی نشاندہی کریں گے، تعلقات سے دونوں ممالک اور خطہ کے عوام کے لیے معاشی بہتری آئے گی۔